- Sunday, May 27, 2012
- اسلام آباد/راوالپنڈی, خبریں, قومی
راولپنڈی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران
خان نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کے حوالے سے سپیکر قو می اسمبلی کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے ۔ وہ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کے بعد یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم نہیں رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی ہی ہمیں عظیم قوم بنا سکتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ خواتین تحریک انصاف کی بڑی قوت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کے حوالے سے اسپیکر قو می اسمبلی کی رولنگ کے خلاف وہ سپریم کورٹ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کو فلاحی ریاست بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ظلم کا نظام ختم کرنا ہے۔
قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برے حالات میں شریف برادران ملک چھوڑ جاتے ہیں ۔ میں راولپنڈی کی نشست چھوڑ نا نہیں چاہتا تھا لیکن مسلم لیگ نون نے سازش کی ۔ تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چوہدری نثار کو چیلنج کرتے ہیں وہ راولپنڈی سے الیکشن لڑیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں نے پاکستان کی خود مختاری کو نقصان پہنچایا۔